مومن کے لئے فضلِ خدا عید کا دن ہے

احمد علی برقی اعظمی

مومن کے لئے فضلِ خدا عید کا دن ہے

رمضان کے روزوں کی جزا عید کا دن ہے

دل دل سے مرے اپنا مِلا عید کا دن دن ہے

اب اور نہ تو مجھ کو ستا عید کا دن ہے

ہے تجھ کو پِلانا تو پِلا عید کا دن ہے

نظروں سے مئے ہوش رُبا ، عید کا دن ہے

دروازۂ دل تیرے لئے باز ہے میرا

آنا ہے اگر تجھ کو تو آ، عید کا دن ہے

اِس طرح کبھی تَرکِ تعلق نہیں کرتے

کیوں آج ہے تو مجھ سے خفا عید کا دن ہے

ہے نقش محبت کا ترے دل میں جو میری

کیوں تو ہے مِٹانے پہ تُلا ، عید کا دن ہے

بے وقت کی شہنائی بجاتے نہیں برقیؔ

دے دینا کبھی اور سزا عید کا دن ہے

تبصرے بند ہیں۔