نذر شاعر مشرق علامہ اقبال ؔ

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

اقبال ؔ کی غزلوں میں ہے تاب وتوانائی

اقبالؔ کی نظموں کا ہر شخص ہے شیدائی

سیکھا نہ جنھوں نے کچھ اقبالؔ کے نغموں سے

ہے ان کے مقدر میں بس ذلت و رسوائی

اب بھی نہیں کچھ بگڑا، اب سے وہ سنبھل جائیں

’’ لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں بے سزا پائی ‘‘

ہے درس عمل ان کا اک جذبۂ لافانی

اسرار حقیقت سے تھی ان کی شناسائی

دیتے تھے سدا ہم کو پیغام وہ آفاقی

ہربات میں تھی ان کی گہرائی و گیرائی

اے کاش ہمیں بھی کچھ مل جاتی بفضلِ حق

ہے فارسی اور اردو نظموں میں جو دانائی

فطرت نے عطا کی تھی حق گوئی و بیباکی

اقبالؔ نہ تھے برقیؔ خاموش تماشائی

تبصرے بند ہیں۔