ٹرمپ کے نام ایک کھلا خط

محمد شاہد خان

مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ!

تسلیمات

بخدا یہ میری خواہش تھی کہ تم صدارتی انتخابات جیت جاؤ، یہاں تک کہ خود میری بیوی نے مجھے یہ کہ کر تمہاری کامیابی کی خبر سنائی، "لیں جناب آپ کا امیدوار انتخاب جیت گیا ہے، بے شک میں  نے تمہیں ووٹ بھی دیا لیکن تمہاری محبت میں نہیں، کیوں کہ میرا دل اس حد تک  اندھا نہیں ہوا ہے۔ میں نے تمہیں ووٹ اس لئے دیا کہ تمہاری خباثت جگ ظاہر ہے، جو تمہارے دل میں ہو وہی تمہاری زبان پر ہوتا ہے، تم ہیلری کلنٹن جیسے کسی چت کبرے یا دو مونہے سانپ کی طرح نہیں ہو۔ میں نے تمہیں ووٹ اس لئے دیا کہ میں چاہتا تھا کہ میری قوم تمہاری شکل میں امریکا کا گھناؤنا چہرہ دیکھ لے۔

ہم ایک ایسی قوم ہیں کہ اگر ہیلری کلنٹن ہم سے کہے کہ ائے بھلے لوگو! تم جہنم میں جاؤ تو ہماری زبان سے فورا نکلے گا کہ ارے یہ بھوری زلفوں والی ہم سے دل لگی کررہی ہے، لیکن تمہارا معاملہ بالکل مختلف ہے تم بہت صاف گو انسان ہو، تمہارا کھیل بالکل واضح ہے، تم جو کہتے ہو بالکل صراحت سے کہتے ہو۔ تم کہتے ہو کہ تمہیں عربوں کا پٹرول تو چاہئے لیکن امریکہ میں عرب اور مسلمانوں کا وجود نہیں چاہئے، تم علانیہ کہتے ہو کہ اسرائییل جو کچھ بھی کرے تم اسکے ساتھ ہو۔ تم یہ نہیں کرتے کہ اسرائیلی نوآبادیات کے خلاف بھی رہو اور دوسری طرف سے اسے اینٹ گارے کا پیسہ بھی دیتے رہو، تم یہ نہیں کرتے کہ اسرائیل کو اہل غزہ کے تعلق سے ضبط نفس سے کام لینے کی نصیحت تو کرو مگر دوسری طرف اسے بمباری کیلئےمیزائل بھی دیتے رہو۔

مسٹر پریسیڈنٹ!

کیا تمہیں پتہ ہے کہ امریکا نے تمہیں اپنا صدر کیوں منتخب کیا ہے؟ لو میں بتانا ہوں، امریکا نے تمہیں اپنا صدر اس لئے منتخب کیا ہے کہ تم اسکی کمینگی کا ایک چھوٹا سا نمونہ ہو، تمہاری خوبیاں وہی ہیں جو کسی مافیا گروہ کے لیڈر کی ہوتی ہیں۔ دیکھو غصہ مت کرنا اسلئے کہ دلیل مدعی کو ہی پیش کرنی پڑتی ہے، اور یہ رہی دلیل!

تم تہذیب سے عاری انسان ہو، تمہیں سیاست کی اتنی ہی سمجھ ہے جتنی شکیرا کو نظریہ اضافت  (Theory of relativity)کی۔ ہیلری کلنٹن نے دوبار تمہیں کھلے مباحثہ لتاڑا اور تمہاری جہالت کی پول کھول کر رکھ دی، اسکے باوجود لوگوں نے تم کو منتخب کیا، تمھاری ایسی ویڈیوز طشت از بام ہوئیں جن میں تم عورتوں کے ساتھ اپنی جنسی چھیڑ چھاڑ پر فخر کرتے نظر آئے لیکن پھر بھی تمھارے لوگوں نے تم کو منتخب کیا۔ امریکی ادارے ثابت کرچکے ہیں کہ تم ٹیکس کی چوری کرتے رہے ہو جس کی ادائیگی کا مطالبہ اب تم خود لوگوں سے کرو گے، اسکے باوجود لوگوں نے تم کو منتخب کیا۔ تمہاری عائلی زندگی دیکھ کر ابکائی آتی ہے، اسکے باوجود لوگوں نے تم کو منتخب کیا۔

لہذا! میرا یقین مانو کہ تم امریکہ جیسے بدصورت ملک کا ایک قبیح عکس ہو، وہ امریکہ جو آج ابھی ہیروشیما اور ناگاساکی پر نیوکلیر بمباری کا بے شرمی کے ساتھ  جشن مناتا ہے۔

مسٹر پریسیڈنٹ!

ہم مکھوٹوں سے بےزار ہو چکے ہیں، تم ہمیں امریکا کا حقیقی چہرہ دکھادو، ہم شہد میں ڈوبی ہوئی باتوں سے تنگ آچکے ہیں، تم ہمیں امریکا کی سچی باتیں سنادو۔ ہم پر جو گزرتی ہے اسے دیکھ کر تم جس بے چینی اور بے ہوشی کی اداکاری کرتے ہو وہ سیاست کی تو نہیں البتہ حاملہ ہونے کی علامتیں ضرور ہیں، سو تم ہمیں ہمارے تئیں امریکہ کے حقیقی جذبات و احساسات سے روشناس کرا دو۔ ایسا کرتے ہوئے تم ہماری جذباتی مایوسی کا غم نہ کرنا اس لئے کہ ہم سب جانتے ہیں لیکن ہماری خواہش ہے کہ ہمارے حکمراں بھی یہ جان لیں کہ ان کا یہ عشق و محبت یکطرفہ ہے۔ بخدا ہم تمھاری ڈنڈے کو درمیان سے پکڑنے کی ادا سے بور ہو چکے ہیں، لہذا اسے مضبوطی کے ساتھ کنارے سے پکڑو اور ہمارے سروں پر برساؤ، شاید ہماری نیند کھل ہی جائے۔

مسٹر پرسیڈنٹ!

کسی بھی ملک کی تباہی کیلئے اس سے کارگر نسخہ اور کوئی نہیں کہ اس ملک کی زمام اقتدار کسی احمق آدمی کے ہاتھوں میں سونپ دی جائے، میری اللہ میاں سے التجا ہے کہ تمہارا عہد حکومت اس بربادی کا نقطئہ آغاز ثابت ہو، امریکہ کیلئے تمہارا عہد حکومت حضرت یوسف علیہ السلام سے پیشتر اس مصری دور حکومت کی طرح ہو جب سات موٹی گایوں کو سات لاغر گایوں نے کھا ڈالا تھا۔

بس تمہارا ہی جلوہ قائم رہے اور کوئی تم پر لگام نہ کسنے پائے، میں تم سے یہی امید کرتا ہوں کہ تم ایک امریکی کی طرح اپنے اصل کردار میں ہمارے سامنے آؤ، کسی لیپ پوت اور میک اپ کے بغیر۔

آخر میں اپنا ایک پیغام عرب حکمرانوں کو بھی کسی استثناء کے بغیر دینا چاہتا ہوں، اور وہ یہ ہے کہ "ٹرمپ سے زیادہ احمق اور حقیر کوئی نہیں ہے سوائے تمہارے”۔

ادہم الشرقاوی

عربی سے ترجمہ

(محمد شاہد خان)

  دوحہ قطر

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔