ڈپارٹمنٹ آف لینگویجیز اینڈ کلچرکی جانب سے خواتین کا سہ لسانی مشاعرہ کا اہتمام

 محسن خان

ڈپارٹمنٹ آف لینگویجیز اینڈ کلچرکی جانب سے خواتین کا سہ لسانی مشاہرہ کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں محفل خواتین سے وابستہ اوردیگر زبانو ںکی معروف شاعرات نے اپنا کلام پیش کیا۔ پروگرام کے پہلے سیشن سے معروف افسانہ نگار محترمہ قمرجمالی نے خطاب کرتے ہوئے عصرحاضراوردکن کی نسائی شاعری کے تعلق سے تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ دکن نے ہمیشہ اردو ادب میں اپنا ایک الگ منفرد مقام بنایا ہے اوریہاں کی شاعرات بین الاقوامی شہرت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محفل خواتین کے ذریعہ نئی شاعرات اور قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ محفل خواتین کے ماہانہ اجلاسوں میں شریک ہوکر کئی طالبات اوراسکالرس بہت کچھ سیکھ رہی ہیں۔

پردہ نشین خواتین کے لئے محفل خواتین ایک اچھا اسٹیج ہے جس کے ذریعہ وہ بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کااظہار کرسکتی ہیں۔انہوں نے اس کامیاب بزم کوسجانے اور تمام زبانوں کے شعراء کوایک جگہ جمع کرنے پرجنرل سکریٹری محفل خواتین تسنیم جوہر کومبارک باد پیش کی۔ پروگرام کے دوسرے سیشن میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی محفل خواتین سے وابستہ ڈاکٹرگل رعنا اور ڈاکٹرنکہت آرا شاہین کی گلپوشی کی گئی۔

پروگرام کے تیسرے سیشن میں مشاعرہ میں سہ لسانی مشاعرہ کا اہتمام کیاگیا جس میں محفل خواتین اور دیگر زبانوں کی شاعرات نے اپنا کلام پیش کرتے ہوئے خوب داد تحسین حاصل کی۔ اس کے بعد پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے ڈائرکٹراردواکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے اردواکیڈیمی کی کارکردگی کے تعلق سے تفصیلات پیش کی اورکہاکہ اردواکیڈیمی تلنگانہ کی جانب سے اس سال ادیبوں کے مسودوں پرجومالی تعاون منظورکیاگیا ہے اس میں خواتین قلمکاروں کی تخلیقات بھی پچاس فیصد کے قریب ہے۔

 یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ خواتین بھی ادب میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے تسنیم جوہر کومبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس محفل کے ذریعہ اردو کو دیگرزبانوں کے قریب کرنے کی کوشش کی ہے۔  انہوں نے اس موقع پر کہاکہ ورلڈ تلگوکانفرنس کی طرح جلد ہی ہم ورلڈاردوکانفرنس منعقدکررہے ہیں۔

سیشن کے آخری حصہ میں حیدرآباد کی معروف ومنفرد خوش گو گلوکارہ پوروا گروما شرما نے غزل کی محفل سجائی جو رات دیرتک جاری رہی ۔انہوں نے مشہور اردوغزلوں کوبھی پیش کیا جسے سامعین نے کافی پسند کیا۔ تسنیم جوہر کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پرشائقین اردوادب ‘مردوخواتین کی کثیر تعدا د شریک تھی۔

تبصرے بند ہیں۔