کیا کہوں عشق ترے بارے میں

افتخار راغبؔ

کیا کہوں عشق ترے بارے میں

اتنی حدّت نہیں انگارے میں

اے خطا دیکھ گیا ہاتھ سے دل

جاں بھی مطلوب ہے کفارے میں

 اچھّی باتیں بھی بری لگتی ہیں

غیر کے منھ سے ترے بارے میں

یا اخی! بغض و کدورت کے سوا

کیا ملا دیکھ لو بٹوارے میں

دوستوں کو بھی جدا کرتے ہیں

تبصرے تیرے مرے بارے میں

چشمِ اغیار ہیں گویا راغبؔ

ایک خوبی نہیں بے چارے میں

تبصرے بند ہیں۔