گوشہ ٔاردو(معروضی سوالات پر مبنی ایک رہنما گائیڈبک)

 وصیل خان

ایک عرصہ قبل جب ہمارے ملک کا تمام تر اقتصادی دارومدار زراعت پر مبنی تھا جسے زراعتی دور کہا جاتا تھا لیکن بدلتے حالات نےکروٹ لی تو بہت جلد یہ زراعتی دور صنعتی او ر تعلیمی دور میں تبدیل ہوگیا اور اس وقت ہم اسی دور میں سانسیں لے رہے ہیں ، اب تمام تر اقتصادی ترقیات کا رخ اعلیٰ تعلیم کے حصول اور صنعتی ترجیحات سے جڑگیا ہے ۔

اس صورتحال میں اقتصادی ترقیات و تحریکات سے وہی افراد مستفید ہوسکتے ہیں جنہیں ان تیزی سے تبدیل ہوتے حالات کا نہ صرف بھرپور اندازہ ہو بلکہ اس کے حصول کیلئے ان کے اندر عملی طور پر تڑپ اور لگن بھی موجود ہو ، اس کے علی الرغم کامیابی ان کا مقدر نہیں بن سکتی جو ان راہوں کو ترک کرکے انجان راستوں پر نکل پڑیں ،دوسرے لفظوں میں اگر آپ کی منزل مقصود شمال کی جانب ہو اور آپ جنوب کی طرف سفر کریں گے تو یقینا ً بھٹک جائیں گے اور اصل منزل کی طرف نہیں پہنچ سکیں گے ۔بدقسمتی سے مسلمانو ں کو آج یہی صورتحال درپیش ہے ۔لیکن اگر جذبہ ٔ  تلاش موجود ہے تو یہ حالات بلا شبہ بدلے بھی جاسکتے ہیں اور بدل بھی رہے ہیں اور اس جانب پیش قدمی شروع ہوچکی ہے اگرچہ اس کی رفتار ابھی مدھم ہے لیکن عزم و عمل میں شدت اس دشوار گزار سفر کو یقینا ً آسان بناسکتی ہے ۔

یہ دنیا دارالاسباب ہے ، جو قوم کوشش کرتی ہے اسے اس کا صلہ ضرور ملتا ہے دیر ہی سے سہی ایک نہ ایک دن وہ منزل مقصود تک پہنچ ہی جاتی ہے ۔شائقین علم کے اند ر تڑپ اور بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ماہرین علوم اور بہی خواہان ملت نے اس جانب اپنی توجہ مبذول کی ہے اور اس تعلق سے مختلف کتابیں اور گائیڈ بکس تصنیف کی ہیں ، اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر محمد جنید نے ابھی حال ہی میں ’ گوشہ ٔ اردو ‘ کے عنوان سے ایک مبسوط گائیڈ بک تیار کی ہے جس میں PGT/TGT،سیکنڈ گریڈ ٹیچرس ؍( اسکول لیکچرشپ ( اردو ) کے تعلق سے اہم ترین رہنمائی کی گئی ہے ۔یہ کتاب اختیاری زبان اردو کے تعلق سے معروضی سوالات و جوابات پر محیط ہے ۔مرتب کا تعلق ہریانہ سے ہے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سےبی اے اردو آنرس ، ایم اے ( اردو ) بی ایڈ ، پی جی ڈپلوما ان ماس کمیونیکیشن میں ڈگریوں کے حصول کے بعد وہیں سے پی ایچ ڈی کررہے ہیں ، ساتھ ہی مختلف اخبارات کے ذریعے صحافتی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں ، حال ہی میں بحیثیت اردو لیکچررمیوات کیڈر ہریانہ میں ان کا تقرر بھی ہوچکا ہے ۔

اس کتاب کی ترتیب و اشاعت کا مقصد یہ ہے کہ طلباءکو اسکولی سطح پر اور ٹیچرس کیلئے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کیلئے ایک ایسا  مکمل نصاب فراہم ہو جائے جس کی روشنی میں وہ مسابقتی امتحانات کی بھرپور صلاحیت اپنے اندر پیدا کرسکیں جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب ہیں ۔ان کے اندازےاو ر معلومات  کےمطابق چونکہ ہریانہ ٹیچرس اہلیتی ٹیسٹ اور راجستھان لیکچر شپ کی تیاری کیلئے کوئی کتاب بازار میں دستیاب نہیں ہے اس لئے انہوں نے اس جانب خاص توجہ کے ساتھ یہ کتاب ترتیب دی ہے ۔ اس کی تیاری کیلئے انہوں نے NCERTاورCBSEکی گائڈ لائن اور مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ٔاردو کے اساتذہ اور اسکالرز کا تعاون حاصل کیا ہے ۔یہ کتاب نہ صرف ہریانہ ،راجستھان ٹیچر اہلیتی امتحانات میں معاون ہوگی بلکہ راجستھان اسکول ٹیچر شپ سیکنڈ گریڈ ٹیچرس اور جواہر نوودیالیہ کے تقرری امتحانات میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی ۔

اس میں تدریسی سوالات کے علاوہ ادب سے متعلق سوالات بھی شامل ہیں اس لحاظ سے یہ کتاب کچھ حد تک یوجی سی ( نیٹ ) ؍جے آر ایف کی تیاری کرنے والے طلباء کیلئے بھی  مفید ہوگی ۔ امیدواروں کی مشق کیلئے کتاب کے اخیر میں گذشتہ سالوں میں ٹیچر اہلیتی امتحان ( پی جی ٹی ) ( ٹی جی ٹی ) راجستھان اسکول لیکچر شپ سیکنڈ گریڈٹیچرس اور ریٹ ( REET)میں پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات بھی تحریر کردیئے گئے ہیں تاکہ طلباء کو کسی مرحلے پر دقت کا سامنا نہ ہو ۔

اس کے علاوہ ہریانہ پی جی ٹی اسکریننگ امتحان ۲۰۱۶کے پیپرس بھی شامل کردیئے گئے ہیں ۔مجموعی طور پر یہ کتاب مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے  تمام گوشوں پر محیط ہے تاکہ طلباء کہیں بھی اور کسی مرحلے میں بھی اپنے اندر کمی اور کمزوری  محسوس نہ کرنے پائیں ۔ دوسرے لفظوں میں یہ کتاب علمی میدان کے شایقین اور خصوصا ً  طلباء کیلئے کسی نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ۔

مرتب :  محمد جنید , قیمت:  350/-روپئے ۔صفحات : 170, ناشر : روزورڈ بکس ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر نئی دہلی ۲۵۔ رابطہ: محمد جنید ریسرچ اسکالر( شعبہ ٔ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علیگڑھ )

تبصرے بند ہیں۔