المدخل الی الادب العربی!

وصیل خان

یہ کتاب بھی روز ورڈ بکس کے زیر اہتمام شالع ہوئی ہے جو عربی ذریعہ تعلیم کے شائق طلباء کیلئے انتہائی مفید اورکارآمد ہے جس کے مصنف شیاس بن عبداللہ الصلاحی ہیں جو اصلا ً تو جنوبی ہند کے باشندے ہیں لیکن عربی زبان و ادب پر ان کی عبوریت و دلچسپی نے انہیں عربوں کی زبان دانی اور فصاحت و بلاغت کے اختصاص میں ان کا مماثل بنادیا ہے ۔اپنے موضوع ،مواد اور طرز تحریر کے اعتبار سے یہ جس طرح یہ کتاب منفردہے ، اسی طرح  اس کے قابل مولف شیاس بن عبداللہ الصلاحی بھی اپنے نام و لقب یعنی شیاس اور الصلاحی دونوں غیر مانوس و غیر متداول ہیں اور پہلی بار نظر نوازہوئے ہیں پھر معلوم ہوا کہ مولف کا تعلق جنوبی ہند سے ہے ،ممکن ہے کہ وہاں اس طر ح کے نام رائج ہوں ، اس لئے زیادہ تعجب کی بات نہیں ۔

کتاب کا مرکزی موضوع ان تمام مصادر و مراجع کا احاطہ اور ترتیب و تبویب ہے جن کا تعلق عربی زبان و ادب ، عربی علوم و فنون، ثقافت و تہذیب ، تاریخ و جغرافیہ اور دین و مذہب سے ہے ۔مولف نے عہد جاہلیت سے دور جدید تک کے تمام ادبا ء و شعراء، علما ء ، مورحین اور مصنفین اور ان کی تخلیقات کی فہرست تیارکی ہے ، ساتھ ہی سوال و جواب کے ذریعے  ان مصادر و مراجع اور ان کے زمان و مکان کو ذہن نشین کرانے کی کامیاب کوشش کی ہے ۔

یہ کتاب دراصل عربی زبان  وادب،تہذیب و ثقافت کے ان طلباء کیلئے لکھی گئی ہے جو حکومتی سطح پر منعقد ہونے والے تشجیعی اور مقابلتی امتحانات میں شریک ہونا چاہتے ہیں اور اس راستے سے سرکاری اداروں میں حصول ملازمت کے خواہش مند ہیں ، جیسے UGCکے تحت منعقد ہونے والے NETاورJRFکے امتحانات جن کے اکثر سوالات کے جوابات ’’ ہاں ‘‘ اور’’نہیں ‘‘ کے ذریعے دینے پڑتے ہیں ، اسی طرح یہ کتاب عربی ادب کے طلباء کیلئے بھی بے حد مفید ہے اور امتحانات کی تیاری کے لئےبہترین راہ ہموار کرتے ہوئے  مشکل مراحل کو آسان کرکے پیش کرتی ہے ۔

کتاب پر ایک سرسری نظر پڑتے ہی اس بات کا اندازہ ہوجاتا ہے کہ مولف نے مصادر و مراجع کی جمع و ترتیب اور تبویب و تالیف میں کافی عرق ریزی کی ہے اور عربی ادب کے بیش بہا خزانے میں مزید اضافہ کیا ہے جس کے لئے وہ شکر و سپاس کے مستحق ہیں ۔412صفحات پر محیط اس کتاب کی قیمت 500/-روپئے ہے اس کے حصول کیلئے ان پتوں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

شیاس کے پی کالکاپاری ( ہاؤس ) پورو ر( پوسٹ ) تھالیام کنڈو ملاپ پورم کیرالا 679339.روزورڈ بکس ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر نئی دہلی 110025موبائل : 9312246609

تبصرے بند ہیں۔