یادِ رفتگاں: بیاد شمسؔ رمزی مرحوم

احمد علی برقی اعظمی

شمسؔ رمزی تھے جو اقلیمِ سخن کے تاجدار
تھے وہ ادبی محفلوں میں صاحبِ عزو وقار

۔

ہیں صحافی اور سخنور ان کے غم میں سوگوار
اُن کے شاگردوں کی ہے دہلی میں اک لمبی قطار

۔

عہدِ حاضر میں تھے وہ اک ماہرِ فن عروض
جن کے تھے مداح اربابِ نظر میں بیشمار

۔

اُن کا اسلوبِ بیاں تھا ان کی خود اپنی شناخت
جس سے ان کی ندرتِ فکر و نظر تھی آشکار

۔

تھی فلک چھونے کی ان کو زندگی میں آرزو
ان کا ہے مجموعۂ اشعار جس کی یادگار

۔

تھی معطر ان کے گلہائے تغزل سے فضا
گلشنِ اردو میں اُن کی ذات تھی مثلِ بہار

۔

قدرداں ان کے محاسن کا ہے برقیؔ اعظمی
بحرِ ذخارِ ادب کی تھے جو دُرِ شاہوار

تبصرے بند ہیں۔