یادِ رفتگاں: بیاد ممتازمزاح نگار مشتاق یوسفی مرحوم 

احمد علی برقیؔ اعظمی

مشتاق یوسفی جو تھے عالم میں انتخاب
تھے وہ سپہرِ اردو کے رخشندہ ماہتاب

اردو ادب کو اُن پہ ہمیشہ رہے گا ناز
ان کی نگارشات کا کوئی نہیں جواب

برِ صغیر میں ہی نہیں تھے وہ سربلند
تھے وہ جہان فکر میں فنکار کامیاب

گُلہائے رنگارنگ کی خوشبو سے جا بجا
ہے گلشنِ ادب میں معطر ہر اک کتاب

سب سرگذشت لکھتے ہیں ان کی ہے زرگذشت
عہد رواں میں طنز و ظرافت کا احتساب

ادبی نقوش شہرۂ آفاق اُن کے ہیں
ہوتے رہیں گے اہلِ نظر جن سے فیضیاب

طرزِ بیاں میں طنز و ظرافت کی روشنی
ہے کوئی ماہتاب تو کوئی ہے آفتاب

عہدِ رواں میں جو بھی ہیں اردو کے قارئین
اُن کی نگارشات میں زندہ ہے ان کا خواب

درجات اُن کے خُلدِ بریں میں بلند ہوں
اردو ادب پہ اُن کے ہیں احسان بے حساب

تبصرے بند ہیں۔