یاد رفتگاں: بیاد جمیل جالبی مرحوم

احمد علی برقیؔ اعظمی

تھے جمیل جالبی ملکِ ادب کے تاجدار

جن کی تخلیقات ہیں عصری ادب کا شاہکار

ان سے جے این یو میں ملنے کا شرف حاصل ہوا

لوحِ دل پر مُرتسم ہے جس کی اب بھی یادگار

جملہ اصناف ادب پر ان کے رشحاتِ قلم

ندرتِ فکر و نظر کے ان کی ہیں آئینہ دار

معترف خدمات کے ہیں ان کی ارباب نظر

ان کے ہیں مداح اقصائے جہاں میں بیشمار

ان کی’’تاریخ ادب اردو‘‘ ہے گنجِ شایگاں

ان کی تخلیقی بصیرت ہے سبھی پر آشکار

ان کی معیاری کتب ہیں زیبِ تاریخ ادب

گلشنِ اردو میں ان کی ذات تھی مثلِ بہار

ہے ’’نئی تنقید‘‘ ان کی مرجعِ دانشوراں

بحرِ ذخارِ ادب کی ہے جو دُرِّ شاہوار

صدمۂ جانکاہ ہے سب کے لئے ان کی وفات

ان کی رحلت سے ہے برقیؔ اعظمی بھی سوگوار

تبصرے بند ہیں۔