یوم آزادی مبارک ہو

مسعود جاوید

ایک آزادی ایسی بهی۔۔۔۔ کہ ابهی اس کا جشن بهی نہ منائے اور خاک و خون سے نئے ہندوستان اور نئے پاکستان کی تاریخ لکهنے میں منہمک ہو گئے۔ انگریز استعماریت سے آزادی کا نیک فال پر تقسیم ملک کی بد شگونی سایہ فگن ہو گیا۔۔ پل بهر میں دوست دشمن بن گئے ملک country  غیر ملک foreign country بن گیا۔ جن دشمنوں سے ملک کو آزاد کرانے کے لئے بے شمار جیالوں کی قربانیاں دیں ان دشمنوں کو بهول گئے اورایک  بھائی دوسرے بهائی کا دشمن ہو گیا۔ لیکن اس پر آشوب دور میں بھی متعدد لوگوں نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر انسانیت اور بهائی چارگی کی ایسی ایسی تاریخ رقم کی کہ زمانہ حیرت زدہ ہے کہ کیا واقعی اس زہر آلود ماحول میں ایسا ممکن ہوا یا محض کتابی باتیں مبالغہ آمیز قصے کہانیاں ہیں۔ ابهی بهی کچھ لوگ باقی ہیں جو ان حقائق کی تصدیق کرتے ہیں۔ اس وقت کے احساسات کو یاد کرکے افسردہ ہو جاتے ہیں۔ ایسے کئی انسانیت کے مجسموں سے ان کی کہانی ان کی ہی زبانی سننے کا اتفاق ہوا وہ خود بھی روئے اور مجهے بهی رلایا۔

یہ جدائی کی گهڑی ہے یا جهڑی ساون کی
میں جدا گریہ کناں   ابر جدا   یار جدا
دو گھڑی اس سے رہو دور تو یوں لگتا ہے
جس طرح  سایہء دیوار سے  دیوار جدا

( احمد فراز)

اب نیک شگون کی گهڑی کب آئے گی اور نیک فال کون نکالے گا کہ آنگن میں دیوار جو اٹهی ہے اس میں کوئی سوراخ کر دے تاکہ معصوم بچوں کی کلکاریاں سننے کو ملے، کتنا سونا سونا گهر لگتا ہے اب نہ چچی جان کی صبح صبح نماز کے لئے اٹهانے کی آواز سنائی دیتی ہے اور نہ وہ ہمارے پوجا گهر سے نکلنے والی گھنٹیوں کی آواز سن سکتے ہیں ! کس کی نظر لگ گئی ہمارے اس ہرے بهرے گهر کو ؟ یہ ارمان سجائے اور سوال کرتے کرتے کتنے ہی لوگ اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اقتدار کی مجبوریاں ایسی ہیں کہ تمام کوششیں ناکام ہو جاتی ہیں یا کردی جاتی ہیں۔

بدگمانی کی نگاہوں کے لگے ہیں پہرے
تیرا یہ  شہر  ایک  اندیشہ  ہوا جائے ہے

(وسیم بریلوی)

یومِ آزادی کے موقع پر  دونوں ملکوں کی عوام کے لئے نیک خواہشات اور تعلیمی پسماندگی معاشی بدحالی اور اخلاقی تنزلی سے آزادی کے لئے دعا کے ساتھ ۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔