*حضرت حسین رضی اللہ عنہ*
ڈاکٹر تابش مہدی
بادۂ اسلام سے سرشار ہیں حضرت حسین
کیوں نہ ہوں؟ لختِ دل سرکار ہیں حضرت حسین
مومنو ! یوں تو گلِ گلزار ہیں حضرت حسین
راہِ گم راہاں کے لیکن خار ہیں حضرت حسین
نرم ہیں مانندِ ریشم اہل حق کے واسطے
دشمنِ حق کے لیے تلوار ہیں حضرت حسین
مصطفٰی کے دین میں رخنہ گوارا ہی نہیں
سچ تو یہ ہے دین کا معیار ہیں حضرت حسین
دشمنان مصطفٰی سے ہے انھیں بھی دشمنی
اور یاران نبی کے یار ہیں حضرت حسین
ہیں حفیدِ مصطفٰی، یہ مرتبہ کچھ کم نہیں
اور ابنِ حیدرِ کرار ہیں حضرت حسین
فاطمہ کی گود والوں سے عقیدت ہے مجھے
میرے ذہن و دل میں جلوہ بار ہیں حضرت حسین
آپ کے مداح ہیں سارے جہاں میں محترم
ناقد و قادح ذلیل و خوار ہیں، حضرت حسین
????
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
تبصرے بند ہیں۔