سیرت پاک کا پیغامِ دنیا بھر میں عام کرنے کی ضـرورت

رمیض احمد 

نبی اکرمﷺکی ذات گرامی ساری انسانیت کے لیے رحمت اور نجات و کامرانی کا ذریعہ ہے،آپؐ نے اپنی زندگی میں انسانیت کے فروغ کے لیے جو قربانیاں دیں وہ بے مثال اور لازوال ہیں اور دنیاکی کوئی بھی قوم اس کی مثال نہیں پیش کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار تحریک پیام رسالت ٹرسٹ کے چیئرمین رمیض احمد تقی نے ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ’شانتی سمیلن‘میں خطاب کے دوران کیا۔

انھوں نے آپؐ کی حیاتِ مبارکہ پر روشنی ڈالتے ہوئے سیکڑوں ہندوومسلم سامعین کی موجودگی میں کہا کہ محمدﷺکی زندگی ایسی پاکیزہ اور روشن ہے کہ اس کے کسی بھی گوشے میں نقص یا کسی قسم کی کمی کاکوئی شائبہ بھی نہیں پایاجاتا۔انھوں نے زور دیاکہ آج کے دورمیں جبکہ ہر چہار جانب بے اطمینانی و بدامنی کا دوردورہ ہے اور لوگ ایک دوسرے کی جان کے درپے ہیں ،ہمیں سیرتِ نبویﷺکی طرف رجوع کرنا چاہیے اور مقدس پیغمبر کی زندگی اور آپؐ کے اقوال و اعمال اور تعلیمات سے روشنی حاصل کرکے انسانیت کی تعمیر اور امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوششیں کرنی چاہئیں ۔

ضلع پریشدمنیش کمار نے اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام کی تحسین کی اور کہا کہ مجھے اس پرگرام میں شرکت کرکے بہت سی ایسی باتوں کاعلم ہواہے جن کے بارے میں مجھے کچھ پتانہیں تھا،پیغمبرمحمدﷺکی زندگی اور ان کی سیرت کے بارے میں جان کر مجھے بے پناہ خوشی ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر ٹرسٹ کی جانب سے علاقے کے اسکولی طلباوطالبات کے مابین سیرت کوئز کابھی اہتمام کیاگیا،جس میں چھ اسکولوں کے تقریباً پچاس ہندوومسلم بچوں نے شرکت کی،کوئز میں پہلی پوزیشن ناصرین پروین،دوسری پوزیشن شگوفہ پروین اور تیسری پوزیشن شاکر عالم نے حاصل کی اورانھیں بالترتیب دوہزار،ایک ہزار اور پانچ سوروپے بطورانعام دیے گئے،جبکہ ان کے علاوہ دیگر مساہمین کو سوسوروپے تشجیعی انعام کے طورپر دیے گئے۔

معروف سماجی کارکن تقی عالم اورڈاکٹرایل پی گپتا نے بطورمہمانِ اعزازی شرکت کی، نظامت رمیض احمد تقی نے کی،جبکہ اس عظیم الشان پروگرام کوکامیاب بنانے والوں میں نبی انجم،نسیم خان، نورالدین، ڈاکٹرنعیم الدین انصاری،شاہد اقبال،ماسٹرشفیع الرحمن وغیرہ پیش پیش رہے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔