اتحاد قوم وملت: اصلاح معاشرہ کا ضامن

سعید الرحمن 

اسلام امن وشانتی اور سعادت وفلاح کا مذہب ہے۔ وہ فساد و بگاڑ، فتنہ وشر، شرک وبدعت ، اسراف و تبذیر، رسوم وخرافات، ظلم وزیادتی اور حق تلفی خواہ ملک میں ہو یا معاشرہ میں یا پھر خاندان و قبیلہ میں پسندیدگی کی نگاہ سے نہیں دیکھتا ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ معاشرہ کی اصلاح کی اہمیت و ضرورت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اصلاح کی تدابیر بھی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔ موصوف سونیا وہار دہلی میں گزشتہ شب عظیم الشان اصلاح معاشرہ کانفرنس میں صدارتی خطاب فرما رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وملت کے اتحاد اور یکجہتی کے بغیر معاشرہ کی اصلاح ممکن نہیں ہے۔ اسلام نے اتحاد واتفاق، بھائی چارہ اور یکجہتی کی اہمیت و ضرورت کو نہایت واضح انداز میں بیان کیا ہے۔

ناظم عمومی نے نوجوانوں سے بطور خاص خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوف خدا اور عقیدہ آخرت انسان کو ذمہ دار اور جواب دہ شہری بناتے ہیں ۔ ایسا آدمی جس کے دل میں اللہ کا خوف ہو اور آخرت کی فکر ہو وہ دوسروں پر ظلم نہیں کرسکتا۔ کسی سے بغض و حسد نہیں رکھ سکتا۔ کسی کی حق تلفی نہیں کرسکتا، کسی کی عزت وآبرو اور مال ودولت پر غلط نگاہ نہیں ڈال سکتا، وہ ملک میں فتنہ وفساد کو ہوادے کر بد امنی نہیں پھیلا سکتا، وہ کسی کی دل آزاری نہیں کرسکتا ، نہ داعش اور اس جیسے فتنوں کا شکار ہوسکتا ہے۔ اس لیے کہ جواب دہی کا احساس انسان کو غلط روی اور فساد وفتنہ پروری اور دہشت گردی سے باز رکھتا ہے۔

ناظم عمومی نے اپنے خطاب میں نشہ، جوا اور شراب وغیرہ جس کی بڑی وجہ جہالت ، لا علمی اور بد عملی ہوا کرتی سے معاشرہ کو مکمل طور پر پاک و صاف کرنے کی تلقین کی اور جدید نسل کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ تعلیم بالغان پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔

ناظم عمومی نے اپنے صدراتی خطاب میں آزادی سے قبل مدارس کے سسٹم کا بطور خاص ذکر کیا اور کہا کہ آزادی سے پہلے مدارس اہل حدیث دہلی اچھی حالت میں تھے۔ وسائل کی کمی کے باوجود مدارس کی تعداد زیادہ تھی اور ان کا تعلیمی و تربیتی نظام بہتر تھا۔ عرب وعجم ان سے استفادہ کرتے تھے اور ملک و ملت کو ان سے فائدہ پہنچتا تھا لیکن آج اس روح کی بیحد قلت ہے ایسے میں معاشرے کی اصلاح کیوں کر ہوسکتی ہے۔

اس کانفرنس میں مولانا محمد ہارون سنابلی ناظم شعبہ تنظیم مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند و ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث مغربی یوپی نے اسلام میں حلال و حرام ، مولانا محمد اظہر مدنی ، ڈائریکٹر اقراء گرلس انٹر نیشنل اسکول جیت پور نے اتحاد و اتفاق ، مولانا مصطفی اجمل ممبئی نے بھائیوں کے بھائیوں پر حقوق اور مولانا عبدالعلیم ریاضی یوپی نے میاں بیوی کے حقوق اور پردہ کے موضوعات پر خطاب کیا۔ کانفرنس کے روح رواں اور صدر مجلس استقبالیہ محمد اسلم پردھان اور ان کی ٹیم نے مہمانوں کا بھر پور استقبال کیا۔ اس کانفرنس میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی اور علماء کرام کے مواعظ حسنہ سے قلب و روح کو منور کیا۔

شرکاء میں مولانا یار محمد خان، محمد اسلم بابر ڈائریکٹر المقدس گرلس اسکول ، مولانا محمد اشفاق ریاضی اقصیٰ ٹراولس ، متولی مسجد اہلحدیث سونیا وہار محمد سمیع اللہ، امام مسجد مولانا مسعود احمد انواری، مولانا فضل الرحمن ندوی ، مولانا سعید الرحمن سنابلی، برکت اللہ ، کلیم احمد، طفیل احمد، سراج الدین، عبدالمنان ، اسرار احمد، حاجی مقبول احمد، حاجی عبدالقیوم، عبد الاول ، عبیداللہ ، حاجی انور وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ اس موقع پر حلقہ جامع مسجد ، نبی کریم، حوض رانی، کھجوری، اوکھلا وغیرہ کے دیگر احباب جماعت بھی موجود تھے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔