جاذرا دیر کو جاں، اب غم ِ جاں دیکھنے دے!

ادریس آزاد

جاذرا دیر کو جاں، اب غم ِ جاں دیکھنے دے!
زخم گہرا ہے ، کراں تابہ کراں دیکھنے دے!

اے مرے نام کے پربت پہ جمی برف پگھل!
آبشاروں سے جو بنتے ہیں جہاں دیکھنے دے!

اُگ رہے ہیں مری آنکھوں میں تمنّاؤں کے باغ
سُرخ ہوتے ہوئے سورج کا سماں دیکھنے دے!

دھڑکنیں دونوں طرف ہیں تو دھماکہ ہوا جان!
کس طرح ہوتی ہے دیوار، دُھواں دیکھنے دے!

سرگرانی بھی ہے، سودا بھی،  دیوار بھی ہے
عشق سے پہلے ذرا نام و نشاں دیکھنے دے!

اے حویلی کی سہیلی کسی رُوزن سے مجھے
چار لمحوں کو سہی بزم ِ جہاں دیکھنے دے!

دھرم سے، فتووں سے، رسمات سے کیوں ڈرتاہے
تُو جو آزاد ہے تو شہر ِ بتاں دیکھنے دے!

تبصرے بند ہیں۔