جب افریقہ کے جنگلات میں آفتابِ اسلام نے کرنیں بکھیریں

گُفتہ اوگُفتہ اللہ بود

مولانا محمد کلیم اللہ حنفی

        قیروان……مغربی افریقہ کا مشہور شہر ہے، کافی عرصہ تک اسے افریقہ کا دارالسلطنت اور گورنر افریقہ کی قیام گاہ ہونے کا شرف حاصل رہا ہے۔ 50ھ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے اس کی بنیاد رکھی۔

        حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے حضرت عقبہ بن نافع فہری رضی اللہ عنہ کو افریقہ کا عامل مقرر کیا۔ یہاں ’’ بَربَر‘‘قوم آباد تھی، ان میں سے اکثر قبائل حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔ اور ان کے ساتھ افریقی ممالک کی فتح میں شریک رہے۔ افریقی ممالک فتح ہو جاتے لیکن چونکہ وہاں لشکر اسلامی کی مستقل چھاؤنی نہیں تھی اس لیے جب امیر لشکر واپس جاتا تو’’  بَربَر‘‘ قوم اپنے عہد و پیمان توڑ ڈالتی اور دشمنان اسلام کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو سخت نقصان دیتی۔

        حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ نے یہاں حفاظتی نقطہ نظر کے پیش نظر چھاؤنی بنانے کا ارادہ کیا لیکن اس کے لیے جس جگہ کا انتخاب فرمایا وہ دَلدَل اور گْنجان جنگل تھا۔ انسان تو درکنار وہاں سے جانور حتی کہ سانپوں کو بھی مشکلات کے ساتھ درختوں سے ہو کر نکلنا پڑتا تھا۔

        امیر لشکر حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ کے ہمراہ 18 جلیل القدر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے انہیں ساتھ لیا اور اس جنگل میں لے آئے۔ جسے فوجی چھاؤنی بنانا چاہتے تھے۔ وہاں آپ رضی اللہ عنہ نے یوں اعلان کیا کہ’’یاایتھا الحشرات والسباع نحن اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فارحلوا فانا نازلون فمن وجدناہ بعد قتلناہ۔ اے موذی درندو اور جانورو!ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام یہاں آباد ہونا چاہتے ہیں لہٰذا تم سب یہاں سے چلے جاؤ۔ اگر اس اعلان کے بعد تم میں سے کوئی یہاں ہمیں نظر آگیا تو ہم اسے مار ڈالیں گے۔ ‘‘

        نامعلوم اس اعلان میں کیا تاثیر تھی کہ درندوں اور جانوروں میں ہلچل مچ گئی۔ جانوروں کے گروہ در گروہ یہاں سے نکلنے لگے، چنانچہ چشم فلک نے یہ نظارہ کیا کہ شیر، بھیڑیے اپنے بچوں کو اٹھائے، سانپ اپنے سنپولیوں کو چمٹائے جنگل خالی کر رہے تھے۔ ’’بَربَر‘‘ قوم جو اس خوفناک جنگل سے اچھی طرح واقف تھی یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی تھی۔ اسلام کی یہ روشن دلیل ان کی آنکھوں کے راستے دل میں اتر رہی تھی چنانچہ ہزارہا’’ بَربَر‘‘ اسی موقع پر دولت ایمان سے مالا مال ہوئے۔

        حیاتیات اور طبقات الارض کے ماہرین انگشت بدنداں تھے کہ آخر عقبہ بن نافع کے اعلان میں یہ تاثیر کہاں سے پیدا ہوئی جس نے درندوں اور موذی جانوروں کو اطاعت پر آمادہ ہی نہیں بلکہ مجبور کر ڈالا گویا۔

   گفتہ او گفتہ اللہ بود

  گرچہ از حلقوم عبداللہ بود

        جب سارے جنگلی جانور جنگل خالی کر کے اپنی منزل کو سدھار گئے تو مسلمانوں نے وہاں دارالامارت قائم کیا، اس کے ارد گرد لوگوں نے مکانات تعمیر کیے۔ اس کے ساتھ ہی حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ جامع مسجد کی بنیاد ڈالی، لیکن سمت قبلہ کے بارے کافی متردد تھے۔ کچھ عرصہ تک مسلمانوں نے نماز کی ادائیگی کے لیے تحری(غالب سوچ و بچار)سے کام لیا۔ ایک شب آپ رضی اللہ عنہ اس بارے فکر مند بیٹھے تھے کہ یکایک آپ کو ایک آواز سنائی دی :’’کل صبح تم مسجد میں داخل ہونا تو تم کو تکبیر کی آواز سنائی دے گی تم اس طرف کو چلے جانا جس سمت اور جگہ پر یہ آواز ختم ہو وہاں پر نشان لگانا اور قبلہ کی دیوار قائم کرنا وہ سمت قبلہ اور دیوار قبلہ ہوگی۔ ‘‘چنانچہ ایسا ہی ہوا، سمت قبلہ کو متعین کر کے قیروان کی تمام مساجد کو اسی کے مطابق بنایا گیا۔

        حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ کا گزر ایک مرتبہ ایسے افریقی علاقے سے ہوا جہاں دور دور تک پانی کا نام و نشان نہیں تھا، لشکر اسلامی کو شدت پیاس نے نڈھال کر رکھا تھا، مسلمان جان بلب تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے رجوع الی اللہ کیا اور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں۔ ابھی آپ دعا سے فارغ بھی نہیں ہوئے تھے کہ آپ کے گھوڑے نے سُم سے زمین کو کریدنا شروع کیا۔ تھوڑی دیر بعد وہاں سے ایک سفید پتھر برآمد ہوا، جس سے پانی نکلنا شروع ہوگیا۔ حضرت عقبہ بن نافع رضی اللہ عنہ نے بلند آواز سے اپنے ساتھیوں کو پکارا لوگ دوڑتے ہوئے آئے، خود بھی پیٹ بھر کر سیراب ہوئے، اپنی سواریوں کو بھی پانی پلایااور ایک گڑھا کھود کر پانی جمع کر لیا۔ جس جگہ یہ پتھر ظاہر ہوا جس سے پانی نکلا وہ جگہ ’’ماء الفرس ‘‘کے نام سے منسوب ہے۔

حوالہ جات

حضرت عقبہ بن نافع رحمہ اللہ کے فتح قیروان کا ذکر

  • اسد الغابہ امام ابن اثیر ج 3 ص 420 تحت عقبہ بن نافع فہری
  • تاریخ خلیفہ از ابن خیاط ج 1 ص 190
  • تاریخ ابن عساکر ج 11 ص 719

قیروان کی آباد کاری اور جانوروں کا جنگل خالی کرنا

  • البیان المُغرب فی اخبار المَغرب از ابن عذاری مراکشی
  • البدایہ و النہایہ از امام ابن کثیر ج 3 45
  • فتوح البلدان از امام بلاذری ص 263
  • تاریخ ابن عساکر ج 11 ص 716
  • اسد الغابہ از امام ابن اثیر ج 3 ص 421
  • تاریخ خلیفہ از ابن خیاط ج 1 ص 195

قیروان کی مسجد کا تعین اور سمت قبلہ

امام بلاذری نے فتوح البلدان ص 238 فتح افریقہ کے تحت لکھا ہے

وحدثنی جماعۃ من اہل افریقیۃ عن اشیاخہم ان عقبۃ بن نافع الفہری لما اراد تمصیر القیروان فکر فی موضع المسجد منہ فرای فی منامہ کان رجلا اذن فی الموضع الذی جعل فیہ مئذنۃ فلما اصبح بنی المنابر فی موقف الرجل تم بنی المسجد۔

ماء الفرس کا واقعہ

  • الکامل فی التاریخ، سنۃ اثنتین وستین، ذکر ولایۃ عقبۃ بن نافع…الخ، ج6، ص451
  • معجم البلدان تذکرہ قیروان
  • اشاعت اسلام از مولانا حبیب الرحمٰن عثمانی دیوبند

تبصرے بند ہیں۔