حضرت عثمانؓ : شرم و حیا کے پیکر اور مہر وفا کے عظیم سپوت

مولاناقاضی محمداسرائیل گڑنگی

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ پریہ مضمون لکھاجارہاتھاکتب کی سیر کی جارہی تھی عجیب حالت جسم پر طاری ہوگئی کہ ساری رات درد بھر کہانی ذہن میں گھومتی رہی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی زندگی میں عجیب وغریب واقعات ہوئے، شہادت درد بھری داستاں دے کر دنیاکوتڑپاگئی اورہر درددل رکھنے والے کورلاگئی، اسلام کی سربلندی کے لیے ان کاکردار ہمیشہ مشعل راہ رہے گاآپ رضی اللہ عنہ نے اپناخون تودے دیامگر مدینہ پاک میں کسی کاخون نہیں بہانے دیا۔

ستر ہزار کی شفاعت 

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنھماسے روایت ہے کہ عثمان رضی اللہ عنہ قیامت میں ستر ہزارایسے آدمیوں کی شفاعت کر کے جنت میں داخل کرائیں گے جودوزخ کے مستحق ہونگے (نزہۃ المجالس ص294)

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی پسندیدہ چیزیں

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے ایک سوچھیالیس احادیث مروی ہیں آپ شرم وحیاء کے پیکر تھے مہرووفاکے عظیم سپوت تھے ان کابڑامقام ومرتبہ ہے ان کوتین چیزیں پسند تھیں۔ غریبوں کوکھاناکھلانا، ننگوں کوکپڑے پہنانا، قرآن کی تلاوت کرنا۔ عمر بھی یہ تینوں کام کرتے رہے اورقرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے شہادت پاگئے وہ کتناپیارامنظر ہوگاجب قیامت کے دن دربارالہی میں پیش ہونگے زبان پہ قرآن کی تلاوت ہوگی اور خون بہہ رہاہوگا۔

نسبت مصطفی بھی بڑی چیز ہے

نسبت بہت بڑی چیز ہے نسبت کے بدلنے سے حکم بدل جاتاہے جب سے سورج وچاند طلوع اورغروب ہواہے بلکہ جب سے کائنات بنی ہے اتناخوش نصیب انسان کوئی نہیں پیداہواکہ وقت نبی علیہم السلام کی جس کے نکاح میں دوصاحبزادیاں وشہزادیاں آئی ہوں، بقول علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ۔ یہ اعزاز صرف حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کوحاصل ہواہے کہ حضرت نبی کریم ﷺ کی دوصاحبزادیوں کانکاح یکے بعد دیگرے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے ہواہے، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے بڑے فضائل ومناقب ہیں ہم بھی اپنی نجات کے لیے چند باتیں لکھ کرحضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے غلاموں میں اپنانام لکھواناچاہتے ہیں۔

نور اورچراغ 

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایااے عثمان(رضی اللہ عنہ)!یہ جبرائیل(علیہ السلام )اللہ کی جانب سے مجھے خبر دے رہے ہیں کہ تم آسمان والوں کے نور اورزمین اورجنت والوں کے چراغ ہو(نزہۃ المجالس 392ج دوم)

 شانِ عثمانی

جب حضرت رقیہ رضی اللہ عنھاکاانتقال ہواتوحضرت عثمان رضی اللہ عنہ روتے تھے حضرت نبی کریم ﷺ نے فرمایااے عثمان (رضی اللہ عنہ) !یہ جبرائیل (علیہ السلام ) مجھے خبر دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارانکاح ام کلثوم(رضی اللہ عنھا)سے کردیاہے تم اس کا مہر اس کی بہن کاسامہر قرار دو(حوالہ بالاص392)

ملاء الاعلیٰ میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کانام

کسی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی نسبت پوچھا، انہوں نے کہاکہ ملاء الاعلیٰ میں ذوالنورین کہلاتے ہیں ( حوالہ بالا ص402)

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی حضرت ابراہیم علیہ السلام سے تشبیہ

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کوحضرت ابراہیم علیہ السلام سے تشبیہ دی جاتی ہے وجہ یہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے بھی اللہ کے فرشتے شرماتے تھے اورحضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے بھی (حوالہ بالا)

دعوت فکر

اللہ کے فرشتے بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے حیا کریں وہ کیسے انسان ہیں جوان سے حیا نہ کریں، نبی پاک ﷺ بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے حیاکریں وہ کیسے مسلمان ہیں جوان سے حیا نہ کریں، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کواللہ پاک نے بہت بڑامقام ومرتبہ عطا فرمایا40دن تک ان پرپانی وکھانابندکیاگیامگرحضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے مدینہ پاک کوخون آلود ہونے سے پاک رکھاآخر کارقرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر لیااور قیامت کے دن اپنی شہادت کاگواہ قرآن پاک کوبنالیا، کتنابڑانصیب ہے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کاکہ قیامت کے دن اللہ کے حضور قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے پیش ہونگے اورقرآن پاک کے اوراق خونِ عثمان رضی اللہ عنہ کودربار الہی میں پیش کریں گے، اللہ پاک کی طرف سے کروڑوں رحمتیں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ پر ہوں، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کاخون بہناتھاکہ بس مسلمانوں کے اندر بے اتفاقی کی ہواچلی جوآج تک جاری ہے اور شایدآئندہ بھی یہ سلسلہ چلتارہے، ہماری دعاہے کہ اللہ پاک ہمیں ان ہستیوں کااحترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور قیامت کے دن ان ہی حضرات کے ساتھ ہماراحشر فرمائے(آمین)

تبصرے بند ہیں۔