عظمت خلفائے راشدین

یاسرعرفات طلبگار

(ساکن دُدھوت، ڈوڈہ جموں کشمیر )

چراغِ مصطفیٰ کے چار پرتو

ابو بکر و عمر، عثمان و حیدر

خلیفے ہیں سبھی اپنے نبی کے

مسلماں کے لئے چاروں برابر

شریعت کے محافظ ،دیں کے داعی

سراپا زہد و تقویٰ کے ہیں پیکر

کوئی انساں نہیں بو بکر جیسا

وہ ہر دم ہے سخاوت کا سمندر

عمر کے نام سے شیطاں گریزاں

علی کے سامنے سر خم ہے خیبر

کہیں دشت و بیاباں ان کے تابع

کہیں زیرِ قدم ان کے سمندر

کیا قرآں جمع امت کی خاطر

یہ ہے عثمان کا احسان ہم پر

حیاء، عفت، عفو عثماں کا خاصا

وہ ان اوصاف میں سب سے ہے برتر

معزز ہے جہاں فاروقِ اعظم

ذلیل و خوار ہیں دشمن وہیں پر

اسے جنت نہیں دوزخ ملے گی

کرے سبّ و شتم کوئی جو ان پر

کروں جیسے بیاں میں ان کی عظمت

ہے یاسر ان کی عظمت اس سے بڑھ کر

تبصرے بند ہیں۔