علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں ایک تاثراتی نظم

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

پیش کرتا ہوں میں اے ایم یو کی عظمت کو سلام
ہے جو اقصائے جہاں میں مرجعِ ہر خاص و عام

ہے جوانانِ علی گڈھ سے یہ میری التجا
جوش سے قطعِ نظر وہ ہوش سے لیں اپنے کام

ہے یہ اک ناپاک سازش دشمنانِ قوم کی
کردیا ہے شرپسندوں کو جنھوں نے بے لگام

سینکنے مت دیں اُنھیں اپنی سیاسی روٹیاں
ورنہ کردیں گے یہ ظالم آپ کا جینا حرام

ایک مدت سے اُنہیں تھی ایک موقع کی تلاش
ہے یہ آئندہ الکشن کا ابھی سے انتظام

ان کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ہماری درسگاہ
یہ مٹانا چاہتے ہیں اپنا یہ نقشِ دوام

رچ رہے ہیں نِت نئی یہ اس لئے اب سازشیں
تاکہ یہ برباد کردیں اپنا تعلیمی نظام

دور اندیشی سے مِل کر حل کریں یہ مسئلہ
تاکہ اے ایم یو کا جاری رہ سکے یہ فیضِ عام

قوم کے دانشوروں سے ہے یہ برقیؔ کی اپیل
اس مصیبت کی گھڑی میں آئیں وہ ملت کے کام

تبصرے بند ہیں۔