لے کے آئے سالِ نو مہر و محبت کا پیام

احمد علی برقیؔ اعظمی

لے کے آئے سال نو مہر و محبت کا پیام

بادۂ عشرت پئیں سب ہو نہ کوئی تشنہ کام

ختم ہوجائے جہاں سے بغض و نفرت کا نشاں

سب کریں جذبات کا اک دوسرے کے احترام

ہر جگہ شیخ و برہمن مِل کے آپس میں رہیں

اتحادِ باہمی کا ایسا قایم ہو نظام

سب کریں اک دوسرے کو اس طرح جُھک کر سلام

’’ با مسلماں اللہ اللہ با برہمن رام رام ‘‘

ہو فضائے امنِ عالم فضلِ حق سے سازگار

اشہبِ دوراں نہ ہو برقیؔ کہیں بھی بے لگام

تبصرے بند ہیں۔