ماہنامہ تمثیل نو (دربھنگہ)

تعارف و تبصرہ: وصیل خان

دربھنگہ (بہار) سے ڈاکٹر امام اعظم کی ادارت میں شائع ہونے والاخالص ادبی،تہذیبی وثقافتی مجلہ تمثیل نو تقریباً اٹھارہ برسوں سے ایوان ادب میں اپنے وجود کا خوبصورت احساس دلائے ہوئے ہے، مشاہدہ بتاتا ہے کہ اس نے اپنےسابقہ شماروں کے ذریعےادبی معیار کو قائم رکھنے میں کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے، اس کی کوشش یہی رہی ہے کہ قارئین ادب کو نئی نئی جہات اور تجربات سے روشناس کراتا رہے جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب بھی رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ نئے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی اوران ادباء و شعراء کی تخلیقات و کاوشات کومنظر عام کرنے کا عمل اس کی تحریکات میں شامل ہے جو اپنی تمام تر صلاحیتوں کے باوجود کسی نہ کسی طور ادبی افق سے اوجھل ہوچکے ہیں۔

 تازہ شمارہ 416؍صفحات پر محیط اور اہم ترین مشمولات سے مزین ہے۔ منظرشہاب عہدجدید کے اہم قلمکاروں اور ناقدین میں شمار کئے جاتے ہیں جن کی متعدد شعری و نثری تخلیقات نہ صرف منظر عام پر آچکی ہیں بلکہ عوامی سطح پر قبولیت بھی حاصل کرچکی ہیں ان پر ایک بسیط گوشہ شامل ہے جس میں ممتاز اہل قلم کے تجزیاتی وتبصراتی مضامین شامل ہیں بہتر ہوتا کہ کچھ مضامین تنقیدی نوعیت کے بھی ہوتے۔ مظہرامام، سید منظرامام اور مناظر عاشق ہرگانوی کی تخلیقی جہات پر خصوصی پیشکش کے عنوان کے تحت کچھ مضامین کے ذریعے روشنی ڈالی گئی ہے۔اس کے علاوہ انتہائی معلومات افزااور چشم کشا مضامین کا ایک قابل مطالعہ ذخیرہ موجود ہے جس میں شائقین ادب کیلئے کافی تسکین کا سامان موجود ہے۔

مومن کی شاعری میں تطبیق وتضاد، فرات اور حسین الحق، اردو افسانے کی روایت، علی سردار جعفری، سیاست کے مدو جز ر میں تیرتا سخنور،فیض احمد فیض ایک عہد ساز شاعر، کلیم عاجز کے اسلوب غزل پر میر کے اثرات، درس گاہوں میں اردو تحقیق کی موجودہ صورتحال، ادبی صحافت، خالد محمود کا نثری اسلوب، احسان دربھنگوی کی شاعری میں خوداعتمادی جیسے اہم مضامین شامل ہیں۔ ایک افسانہ، ایک افسانچہ اور ایک منی کہانی کی شمولیت ضخامت کے اعتبار سے دال میں نمک جیسے معلوم ہوتی ہےاس کے برعکس غزلوں اور نظموں کی بھرماراس بات کا اشاریہ بنی ہوئی ہے کہ لوگوں کو شاعری سے کس قدر دلچسپی ہے۔

قارئین یہ شمارہ 200؍روپئے میں حاصل کرسکتے ہیں۔ رابطہ : مدیر تمثیل نو، ادبستان محلہ،گنگوارہ، پوسٹ سارامومن پور، دربھنگہ (بہار )فون :08902496545

تبصرے بند ہیں۔