محبت رسولﷺ اور اس کے تقاضے

ابو الاعلیٰ سید سبحانی

مصنف: مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی

صفحات:216، قیمت: 160روپے

ناشر: ھدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس، نئی دہلی-25

کتاب کے لیے رابطہ کریں: موبائیل اور وہاٹس اپ نمبر: 9891051676

محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایمان کی علامت بھی ہے اور ایمانی حلاوت کے حصول کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے،قرآن وسنت کی تعلیمات سے جہاں یہ بات معلوم ہوتی ہے وہیں اس حقیقت کا بھی انکشاف ہوتا ہے کہ اگردنیا جہان کی کوئی بھی نعمت اور کوئی بھی نسبت اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اللہ کی راہ میں جدوجہد سے زیادہ محبوب ہو تو یہ فسق اور گمراہی کی علامت ہے۔

محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم مقام رسالت کے اعتراف کا لازمی تقاضا بھی ہے۔ گم کردہ راہ انسانیت کو سیدھے راستے پر لانے کے لیے محسن انسانیت اور پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کی غیرمعمولی دعوتی جدوجہد اور بے پناہ دعوتی تڑپ کے اعتراف کے لیے بھی ضروری ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی جائے اور آپؐ کی محبت کے حقیقی تقاضوں کی تکمیل کی ہرممکن کوشش کی جائے۔

محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلق بندۂ مومن کی فکر سے بھی ہوتا ہے اور اس کے عمل سے بھی ہوتا ہے۔ فکری اعتبار سے بھی بندۂ مومن محبت رسول ؐ سے سرشار ہوتا ہے اور عملی طور پر بھی اس کے رویے سے محبت رسول اور تعلق بالرسول کا اظہار ہوتا ہے۔ محبت رسول ؐ کے اس عملی پہلو پر بہت ہی کم توجہ دی جاتی ہے، حالانکہ یہ دعوتی اور تربیتی ہر لحاظ سے غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔

’محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اس کے تقاضے‘ اپنے موضوع پر بہت ہی اہم اور قیمتی پیش کش ہے۔ اس کتاب میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مفہوم ومعنی بھی بیان ہوئے ہیں، ایمان بالرسالت پر بھی گفتگو کی گئی ہے اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی اور عملی تقاضوں پر بھی تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی گئی ہے۔

ہدایت پبلشرز کے قیام کے اوّل روز سے یہ بات پیش نظر رہی ہے کہ قرآن وسنت کی تعلیمات کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے، اور موجودہ حالات کے تناظر میں قرآن وسنت کی رہنمائی کو استدلال کی مضبوطی اور بیان کی پختگی کے ساتھ منظرعام پر لایا جائے۔

محترمی ومکرمی مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی کی یہ کتاب اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی ہندوستان کے ایک معروف خطیب اور صاحب فکر عالم ہیں۔ سوشل میڈیا پر آپ کی تقریریں کافی مقبول ہیں۔ ایک عرصے سے جماعت اسلامی ہند کی مختلف سطحوں پر قیادت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، ناظم علاقہ، امیر حلقہ اور فی الحال جماعت اسلامی ہندکے شعبہ تربیت کے مرکزی سکریٹری ہیں۔

یہ کتاب اسلامی لٹریچر سے متعلق ایک اہم موضوع پر بھرپور رہنمائی کرتی ہے۔ اسلوب بہت ہی سادہ اور عام فہم ہے، قرآن وسنت کے دلائل حوالوں کے ساتھ دیے گئے ہیں اور انسانی فطرت کو اپیل کرنے والا خوبصورت بیانیہ اختیار کیا گیا ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ کتاب قارئین کے ذہن وفکر کو ایک رُخ دینے کا کام کرے گی، ان کے اندر محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا جذبہ بیدار کرے گی اور انہیں محبت رسول کے تقاضوں کی تکمیل پر آمادہ کرے گی۔ واللہ ہو الموفق

تبصرے بند ہیں۔