محمد سلیمان دہلوی کو منظوم خراجِ تحسین

افتخار راغبؔ

(انڈو قطر اردو مرکز کے بانی صدر و قطر میں عالمی مشاعروں کے سلسلے کا آغاز کرنے والے ادب نواز و ادیب محترم محمد سلیمان دہلوی صاحب کو منظوم خراجِ تحسین)

اہل زباں کی شان سلیمان دہلوی

اردو کے پاسبان سلیمان دہلوی

جتنی گرفت ہے انھیں اپنی زبان پر

اُتنے ہیں خوش بیان سلیمان دہلوی

ہیں جسم و جانِ انڈو قطر اردو مرکز آپ

بزمِ ادب کی جان سلیمان دہلوی

لگتے ہیں یہ پچاس کے ستر کے بعد بھی

دل کے بھی نو جوان سلیمان دہلوی

اردو زبان و قوم کی بہبود کے لیے

غم گیں ہر ایک آن سلیمان دہلوی

روشن ہیں مثل شمس سرِ آسمانِ نثر

دھرتی پہ آسمان سلیمان دہلوی

اے وقت قدر کر کہ ترے دستِ ناز میں

ہیں مثلِ ارمغان سلیمان دہلوی

دوحہ قطر کو ناز بہت آں جناب پر

اردوستاں کی آن سلیمان دہلوی

رگ رگ میں خاکِ دہلی کی خوش بو رچی بسی

الفت کے ترجمان سلیمان دہلوی

دیتا ہے ان کو زیب کہ نازاں ہوں بخت پر

جن کے ہیں درمیان سلیمان دہلوی

اچھّائیوں کے ساتھ ہیں راغبؔ بصد خلوص

اچھّوں کے قدر دان سلیمان دہلوی

تبصرے بند ہیں۔