معارف نبویﷺ

(پانچ سو تئیس مختصر احادیث برائے حفظ)

سہیل بشیر کار

ہر مسلمان کو رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس سے محبت ہے۔ رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم سے وابستہ چیزوں میں ہر مسلمان  کسی نہ کسی سطح پر ضرور حصہ لینا چاہتا ہے تاکہ اس کا شمار کل روزِ قیامت خدامِ سنت نبوی میں سے ہو۔اس سلسلے میں احادیث مبارکہ پر ہمشہ سے اہل علم نے کام کیا۔ مسلمان جن علوم پر فخر کرسکتا ہے ان میں سے ایک علم ‘اسماء الرجال’ کا ہے؛ جس میں حدیث کو محفوظ کرنے کے لئے لاکھوں راویوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھا گیا۔ بہت سے اہل علم نے کسی خاص مقصد یا ضرورت کے تحت احادیث کے مجموعے مدون کئے۔ زیر تبصرہ کتاب "معارف نبوی صلی اللہ علیہ وسلم” بھی اس سلسلے میں ایک اہم اضافہ ہے۔

مولانا زاہد الراشدی صاحب لکھتے ہیں :

’’حدیث‘‘ عربی زبان میں بات چیت اور گفتگو کو کہتے ہے لیکن جب ہم مذہبی حوالہ سے ‘حدیث’ کا لفظ بولتے ہیں تو اس سے مراد ہر وہ بات ہوتی ہے جو جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول و منسوب ہو، یا ان کے بارے میں کسی روایت میں مذکور ہو۔ گویا کسی قول، عمل یا واقعہ میں جناب نبی اکرمؐ کا ذکر آجائے تو وہ حدیث بن جاتا ہے اور حضرت امام ولی اللہ دہلویؒ کے بقول حدیثِ نبویؐ تمام دینی علوم کا سر چشمہ ہے۔”

زیر تبصرہ کتاب کے مرتب خلیل الرحمن چشتی صاحب ہمہ وقت تفہیم دین کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ پروفیسر خلیل الرحمٰن چشتی کا تعلق حیدرآباد دکن سے ہے؛لیکن 21؍ سال کی عمر میں امریکہ منتقل ہوگئے۔ پھر وہاں سے مختلف ملکوں میں رہے اورکینیڈا، کویت، قطر اور مدینہ ہوتے ہوئے پاکستان میں جابسے۔ دینی تعلیم باضابطہ کسی مدرسے میں حاصل نہیں کی؛ لیکن مولانا عبدالقدیر اصلاحی سے اخذ واستفادہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی، دینی مطالعے اورتفقہ کا یہ عالم ہے کہ قرآنیات اور اسلامیات سے متعلق ایک درجن سے زائد کتابیں اہلِ علم کے درمیان مقبول ہوچکی ہیں۔ مطالعے کا خاص موضوع قرآن ہے اور یہی آپ کی وجہِ شہرت بھی ہے۔ ڈاکٹر اسرار احمد صاحب کے بعد عوامی دروسِ قرآن کو جلا بخشنے والی شخصیات میں آپ کا نام بھی سرفہرست ہے۔”درس قرآن کی تیاری کیسے کریں ؟”،”قرآنی سورتوں کا نظمِ جلی” موصوف کی مقبولِ عام کتابیں ہیں۔ لکھنے کا آغاز 1995ء سے کیا۔ اب تک ایک درجن کے قریب کتابیں لکھ چکے ہیں۔

زیر تبصرہ کتاب میں رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے پانچ سو تیس مختصر احادیث کو جمع کیا گیا ہے۔ احادیث انتہائی مختصر ہیں اور بنیادی مقصد یہ ہے کہ قاری رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال کو حفظ کریں، اگر قاری ہر روز 2 احادیث یاد کرے؛ تو ایک سال سے کم وقت میں وہ پوری کتاب کو یاد کر سکتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ مرتب نے 11 عنوانات کے تحت رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے احادیث کو جمع کیا ہے جن کی فہرست یوں ہے:

 1۔ اسلام اور ایمان 2۔ وحی 3۔ عقائد 4۔ علم اور دعوت و تبلیغ 5۔ ارکان اسلام 6۔ احسان 7۔ اذکار اوراد 8۔ معاشرت 9۔ اخلاقیات 10۔ معاملات 11۔ اجتماعیت۔

فہرست سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ موضوعات میں تنوع ہے۔ جہاں عقائد کا باب ہے؛ وہیں سیاسیات پر بھی باب باندھا گیا ہے۔ ہر باب کے تحت ذیلی باب بھی درج  ہیں؛ جس سے اس موضوع کی مختلف شاخیں سامنے لائی گئی ہیں مثلاً معاملات کے باب میں 15 ذیلی عنوانات ہیں :1۔ قرض کے آداب و احکام 2۔ تجارت اور بھیک 3۔ محنت اور مزدوری 4۔ آدابِ تجارت 5۔ کسی چیز کی دو قیمتیں جائز نہیں 6۔ حرام تجارت 7۔ ممنوعہ تجارت 8۔ بھولے کسان پر ظلم نہ ہو 9۔ ناپ تول کے احکام 10۔ ذخیرہ اندوزی 11۔ غصب 12۔ سود 13۔ امانت اور خیانت 14۔ شراکت 15۔ نوکر اور ملازم کے حقوق۔

عربی عبارت کا اردو اور انگریزی میں بہترین ترجمہ دیا گیا ہے۔ ترجمہ کی زبان انتہائی عمدہ اور آسان ہے۔ انگریزی ترجمہ کی وجہ سے اس سے زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ عنوانات اور ذیلی عنوانات کا بھی انگزیری ترجمہ دیا گیا ہے جس سے اردو کے مشکل الفاظ کو سمجھنے میں آسانی ہو گئی ہے۔ احادیث کے بارے میں ایک بات اہم ہے کہ حدیث مستند ہو۔ بدقسمتی سے حدیث کے ذخیرہ میں بہت سی ضعیف اور موضوع روایات نے بھی جگہ بنالی  ہے۔ یہ کام آسان نہیں۔ مصنف نے کتاب میں اس کا لحاظ رکھا ہے کہ صرف اور صرف مستند احادیث جمع ہوں۔ کتاب میں ہر حدیث پاک کا حوالہ دیا گیا ہے۔ کوشش کی گئی ہے کہ کوئی ضعیف اور موضوع روایت نہ لی جائے۔ جس کتاب سے حدیث لی گئی ہے اس کا حدیث نمبر بھی دیا گیا ہے تاکہ ڈھونڈنے میں آسانی ہو۔ اگر والدین اپنے بچوں کو کوئی تحفہ دینا چاہے تو یہ بہترین تحفہ ہو سکتا ہے۔

416 صفحات کی یہ کتاب ہارڈ باونڈ میں نہایت ہی اعلی طباعت کے ساتھ ملت پبلیکیشنز حیدر پورہ نے چھاپی ہے۔ کتاب کی قیمت 650 روپے ہے۔ کتاب فون نمبر 9419561922 سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

مبصّر سے رابطہ : 9906653927

1 تبصرہ
  1. ریاض حسین راولپنڈی کہتے ہیں

    پاکستان میں کہاں سے مل سکتی ہے ؟

تبصرے بند ہیں۔