پانچ اہم کرکٹرس جو 2017 میں رشتۂ ازدواج سے منسلک ہوئے

تنویر احمد

2017 میں جتنی شہرت وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی کو ملی اتنی شہرت تاریخ میں شاید ہی کسی کرکٹر یا فلمی ستارے کو ملی ہوگی۔ اٹلی میں شادی اور رومانیہ میں ہنی مون منانے والے ہندوستان کے شہرت یافتہ کرکٹر اور بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ انوشکا شرما جس شان سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے اور جس شاہی انداز میں دہلی و ممبئی میں تقریبِ ولیمہ کی، یقیناً ناقابل بیان اور ناقابل فراموش ہے۔ بہر حال، 2017 میں وراٹ کوہلی کے علاوہ بھی کئی کرکٹروں نے شادی کی اوراپنی خوشگوار زندگی کا آغاز کیا۔ ان کرکٹروں میں سے پانچ اہم کرکٹر اور ان کی شریک حیات سے متعلق مختصر معلومات ہم اپنے قارئین کے لیے یہاں پیش کر رہے ہیں۔ جن پانچ کرکٹروں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں سے تین ہندوستان سے ہیں اور ایک ایک آسٹریلیا اور انگلینڈ سے۔

وراٹ کوہلی-انوشکا شرما

دنیا کے دوسرے سب سے مہنگے ریسارٹ ٹسکینی (اٹلی) میں شادی کرنے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے 63 ٹسٹ اور 202 ونڈے میچ میں 14 ہزار سے زائد رن بنائے ہیں۔ ٹسٹ میں دوسرا، ونڈے میں پہلا اور ٹی-20 میں تیسرا عالمی مقام رکھنے والے کوہلی بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ ’رَب نے بنا دی جوڑی‘ کے ذریعہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی انوشکا شرما سے 11 دسمبر 2017 کو شادی کی۔ ملک سے باہر شادی اور ہنی مون منانے والے وراٹ کوہلی نے دہلی میں ولیمہ کی تقریب پانچ ستارہ ہوٹل تاج میں رکھی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے شرکت کر کے کوہلی اور انوشکا کے ولیمہ کو یادگار بنا دیا۔ دہلی میں 21 دسمبر کو ولیمہ کرنے کے بعد ولیمہ کی دوسری پارٹی اس جوڑے نے 26 دسمبر کو ممبئی میں رکھی جہاں کرکٹ اور بالی ووڈ کی کئی مشہور ہستیاں موجود تھیں۔ واضح رہے کہ ایک طرف وراٹ کوہلی جہاں کرکٹ کے میدان پر کئی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں وہیں انوشکا شرما’پی کے‘، ’بینڈ باجہ بارات‘ اور ’سلطان‘ جیسی فلموں سے بالی ووڈ میں اپنا ایک خاص مقام بنا چکی ہیں۔

ظہیر خان – ساگریکا گھاٹگے

ظہیر خان نے ہندوستان کے لیے 92 ٹسٹ اور 200 ونڈے میچ کھیلے ہیں۔ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے سے پہلے تقریباً 600 وکٹ حاصل کیے۔ کپل دیو کے بعد ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے اس تیز گیندباز نے  23 نومبر 2017 کو فلم ’چک دے انڈیا‘ سے مشہور ہوئی اداکارہ ساگریکا گھاٹگے سے کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ساگریکا کو جس فلم سے شہرت ملی اس میں بھی شاہ رخ خان ہیرو تھے۔ ان دونوں نے کورٹ میں شادی کی جس کے بعد 27 دسمبر کو ممبئی میں ولیمہ کی تقریب منعقد ہوئی ہے۔ اس تقریب میں بالی ووڈ کی مشہور ہستیوں کے ساتھ ساتھ ظہیر خان کے کئی کرکٹ ساتھیوں نے بھی شرکت کی۔ ولیمہ کے موقع پر ظہیر خان نیلے لباس میں ملبوس تھے جب کہ ساگریکا نے سنہرے رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ ان دونوں نے ہنی مون کے لیے مالدیپ کا انتخاب کیا تھا۔

بھونیشور کمار – نوپور ناگر

ہندوستان کے جواں سال تیز گیند باز بھونیشور کمار بھی 2017 کے نومبر میں رشتۂ ازدواج سے منسلک ہوئے۔ انھوں نے 23 نومبر میں نوپور ناگر سے آبائی شہر میرٹھ میں شادی کی۔ 27 سالہ بھونیشور نے اب تک 19 ٹسٹ اور 81 ونڈے میچ کھیلے ہیں اور ہندوستانی ٹیم کے اوپننگ تیز گیندباز ہیں۔ ٹسٹ اور ونڈے دونوں میں اپنی سوئنگ گیندبازی سے مخالف بلے بازوں کو پریشان کرنے والے اس کھلاڑی نے ولیمہ کی تقریب 26 نومبر کو نوپور کے آبائی شہر بلند شہر میں رکھی اور ولیمہ کی دوسری تقریب 30 نومبر کو نئی دہلی میں ہوئی جس میں کئی ساتھی کھلاڑیوں اور احباب و اقارب نے شرکت کی۔ دہلی میں منعقد ہوئے ولیمے کی خاص بات یہ رہی کہ یہاں سری لنکا کے خلاف کھیل رہی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

جارج بیلی – کیلی اُپٹن

آسٹریلیائی ٹی-20 ٹیم کے سابق کپتان جارج بیلی نے اپریل 2017 میں کیٹی اُپٹن کے ساتھ اپنی پوری زندگی گزارنے کا وعدہ کیا۔ ٹسٹ کرکٹ میں تو انھوں نے آسٹریلیا کے لیے بہت زیادہ نہیں کھیلا لیکن ونڈے میں 90 میچوں میں 40 سے زیادہ کے اوسط سے 3000 سے زائد رن بنائے۔ ونڈے میں انھوں نے آسٹریلیائی ٹیم کی نائب کپتانی بھی کی۔ ٹی-20 میں انھوں نے 30 میچ کھیلے اور تقریباً 25 کی اوسط سے 473 رن بنائے۔ انھوں نے آئی پی ایل کے تین سیزن بھی کھیلے جس میں 37 اننگ میں 10 بار بغیر آؤٹ ہوئے 663 رن بنائے۔ بہر حال، جارج بیلی اور کیلی اُپٹن کی شادی کی تقریب بالکل مختلف انداز کی تھی۔ انھوں نے کوئنس لینڈ کے ساحل پر شادی کی جہاں ان کے کئی ساتھی کھلاڑی، مثلاً زیویر دوہرتی، جیکسن برڈ اور ٹم پین وغیرہ موجود تھے۔ 34 سالہ اس کھلاڑی کی شادی کی تقریب دیر رات تک چلی تھی جس میں ایک سرکس جیسا سماں پیدا ہو گیا تھا۔ دراصل اس تقریب میں بیل کی گھنٹی جیسی موسیقی بج رہی تھی اور بونگوز کا استعمال کیا گیا تھا۔ بونگوز دراصل ایک ایسا ساز ہے جو گھنٹوں پر بندھا ہوتا ہے اور انگلی سے بجایا جاتا ہے۔ گویا کے تقریب میں شامل لوگوں نے خوب مستی کی۔

بین اسٹوکس – کلیئر ریٹکلف

بین اسٹوکس انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرکٹر ہیں۔ 26 سالہ اسٹوکس نے اپنی منگیتر کلیئر ریٹکلف سے 14 اکتوبر 2017 میں سمرسیٹ میں کی۔ انھوں نے سینٹ میری کے چرچ میں ایک خوشگوار ماحول میں شادی کی۔ یہ چرچ ویسٹن سپر میئر کے قریب ایسٹ برینٹ میں واقع ہے۔ جب اسٹوکس اور ریٹکلف کی شادی ہو رہی تھی تو ان کی خوشی کے لمحات میں آسٹریلیائی کرکٹر اسٹوارٹ بروڈ، جوس بٹلر اور ایان بیل بھی شریک تھے۔ جہاں تک بین اسٹوکس کی کرکٹ کارکردگی کا سوال ہے، انھوں نے  جہاں تقریباً 100 ٹیسٹ اور ونڈے میچوں میں مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد رن بنائے وہیں کم و بیش 150 وکٹ بھی حاصل کیے۔ دوسری طرف کلیئر ریٹکلف خود کو ’کرکٹ ویڈو‘ کے طور پر ظاہر کرتی ہیں اور وہ دو بچوں کی ماں بھی ہیں۔ اسٹوکس اور ریٹکلف کی ملاقات 2013 میں ہوئی تھی جب ریٹکلف کے والد آرتھر کا انتقال ہوا تھا۔ اس وقت سے دونوں ایک ساتھ وقت گزار رہے تھے اور بالآخر اکتوبر 2017 میں انھوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔