کوئی بھی بشر آپ ؐؐ سے بہ تر نہیں آیا

دنیا میں محمد سا موقر نہیں آیا
کوئی بھی یہاں آپ سے برتر نہیں آیا

ہر دور ہر اک قوم میں آئے تھے پیمبر
جو رہبر ِعالم ہو وہ رہبر نہیں آیا

تاریخ کے اوراق پلٹ کر کبھی دیکھو
یاں آپ سا رحمت کا پیمبر نہیں آیا

طائف کے مکینوں نے ہراساں جو کیا تھا
جز حرفِ دعا کچھ بھی زباں پر نہیں آیا

فرعون کے اخلاف ہر اک دور میں آئے
بولہب و ابوجہل سا کم تر نہیں آیا

اوصاف حمیدہ کے ہیں اغیار بھی قائل
کوئی بھی بشر آپ سے بہ تر نہیں آیا

ہے نعت کا لکھنا بھی ظؔفر ایک سعادت
مسعود کو یہ فن ہی میسر نہیں آیا

تبصرے بند ہیں۔