کچی سبزیاں اور ان کے کرشماتی اثرات

پروفیسر حکیم سید عمران فیاض

موسمی سلاد : سلاد ‘ پیاز ‘ ٹماٹر اور پودینہ کو کاٹ کر ان میں نمک اور سیاہ مرچ کا پاﺅڈر شامل کریں اور مناسب سمجھیں تو اس پر لیموں کا رس ڈا لیں‘ بہت لذیذ مرکب بن جائے گا۔

 کھیرا :

کھیرا کے باریک باریک قتلے کاٹ لیں‘ اس میں ابلے ہوئے آلو‘ ٹماٹر‘ سبز پودینہ شامل کرلیں اور نمک و مرچ سیاہ چھڑک کر اس میں لیموں کا رس حسب ذائقہ نچوڑ لیں‘ بہت خوش ذائقہ ہو گا کیونکہ ایسے لوازمات سے کھانا زیادہ کھایا جاتا ہے اور جلد ہضم ہو جاتا ہے۔

مولی:

مولی کو کدو کش کر لیا جائے پھر اس میں مولی کے پتے ‘ پیاز اور ٹماٹر کاٹ کر شامل کر لیں‘ اس پر نمک اور سیاہ مرچ پسی ہوئی ڈال کر کھائیں‘ بہت طاقتور اور ہاضم چیز ہے۔

ان اشیاءکو روٹی سے کھائیں اگر چاہیں تو ان میں بعض موسمی پھل بھی شامل کر لیں اگر کوئی آدمی دو تین ماہ کچی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کرے تو اس کے جسم میں غیر معمولی چستی، پھرتی اور طاقت رونما ہو جائے گی اور جسم کے اندر جس قدر زہریلے اور گندے مادے ہوں، نکل جائینگے اور تندرستی اور توانائی عود کر آئے گی

 لیموں کی چائے:

اگر طبیعت بھاری ہو‘ متلاتی ہو تو صبح کے وقت ہلکی چائے بنا کر لیموں نچوڑ کر پئیں‘ بے حد فائدہ ہو گا۔ طبیعت کو فرحت حاصل ہو گی۔

لیموں کا اچار:

خوب عمدہ لیموں پچاس عدد لے لیں۔ نمک 1 کلو ملا کر آٹھ دن تک دھوپ میں رکھیں‘ اس کے بعد لیموں خشک کر لیں اور کسی مرتبان میں ڈال کر ا س میں دگنے لیموں کا عرق نچوڑ دیں۔ چار دن تک دھوپ میں رکھیں، صحت بخش لیموں کا اچار تیار ہے۔

 لیموں کی سکنجبین:

حسب ضرور پانی لے کر حسب ذائقہ چینی ملا لیجئے۔ اس کے بعد لیموں کا رس ملا لیجئے ‘ خوش ذائقہ سکنجبین تیار ہے۔

سر کی خشکی کےلئے:

سر میں خشکی ہو تو تل کے ایک پاﺅ تیل میں چوتھائی حصہ لیموں کا عرق ملا کر چند دن تک بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح لگائیے‘ خشکی دورہو جائے گی

 لیمن سکوائش آفتابی:

کلو بھر عمدہ رسیلے لیموں کا رس نکال لیں اور عرق میں سیر بھر چینی ملا کر مسلسل سات دن تک دھوپ میں رکھیں ‘ اس میں اپنی حسب منشا ایسنس بھی ڈال سکتے ہیں۔ فلٹر کر کے خشک بوتلوں میں بھر لیں۔

بالوں کےلئے:

لیموں کے رس میں آملہ پیس کر بالوں کی جڑوں میں نہانے سے گھنٹہ پہلے لیپ کر لیں۔ اس عمل سے بال لمبے اور چمکیلے ہو جائیں گے۔ چہرے کی رنگت کےلئے رات کو سونے سے قبل خوب اچھی طرح منہ دھو کر تولیے سے خشک کر لیجئے۔
اس کے بعد تازہ لیموں کا رس نکال کر کپڑے سے چھان کر آنکھوں کوبچا کر منہ دھو لیجئے۔ انشاءاللہ چہرے کے داغ‘ مہاسے‘ کیل اور چھائیاں چند دنوں میں ہی دور ہو جائیں گی۔

لیموں کے طبی فوائد:

یہ سرد تر ہے‘ حرارت کو تسکین دیتا ہے‘ طبیعت کی بد اعتدالی کو دور کر کے سکون پیدا کرتا ہے۔ پیاس بجھاتا ہے‘ مقوی معدہ ہے‘ قے کو بند‘ متلی کو دور کرتا ہے۔ حفظ ما تقدم کے طور پر ملیریا میں مفید ہے۔

پیاز:

اس کی دو قسمیں ہوتی ہیں ایک جنگلی اور دوسری بستانی۔ ان دونوں میں بظاہر کوئی فرق نہیں لیکن بستانی پیاز کھانے اور ادویات میں مستعمل ہے۔اس کا مزاج گرم و تر ہے۔ بعض کے نزدیک گرم و خشک بھی ہے۔ یہ مشہور و عام سبزی ہے‘ جس کے بغیر سالن نہیں پکایا جاتا۔ اس کو گوشت میں مصالحہ کی بجائے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا جو شاندہ تقطیر البول میں نافع ہے۔ برسات کے موسم میں اس کا استعمال موسمی بیماریوںکےلئے بڑا مفید ہے۔ اس کا اچار کھانے سے ریاح کو بے حد فائدہ پہنچتا ہے۔ یہ تلی کے ورم کا بڑا علاج ہے ۔ غذا میں اس کے استعمال سے آنکھوں کی بیماریوں میں افاقہ ہوتا ہے۔ ہیضہ میں نافع ہے۔

لہسن(تھوم) :

یہ تیسرے درجے میں گرم و خشک ہے‘ اس کا رنگ زردی مائل سفید اور ذائقہ تلخ و تیز ہوتا ہے۔ اس کے دو دن کے استعمال سے خون کا دباﺅ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔ یہ پولیو ‘ آنتوں کے امراض ‘ جسمانی کیڑوں‘ امراض جلد‘ پھوڑے تبخیر ‘ نظام تنفس کی جراثیم زدگی اور فشار الدم جیسے امراض میں مفید ہے۔ یہ دماغی امراض ‘ دق اور سل کےلئے بھی مفید ہے۔ یہ پیشاب و حیض جاری کرتا اور آواز کو صاف کرتا ہے۔ امراض دمہ‘ وجع المفاصل‘فالج‘ لقوہ اور رعشہ میں مفید ہے۔

ادرک:

اس کا مزاج گرم و خشک ہوتاہے۔ محلل ریاح وہاضم طعام ہے۔ اس قیمتی شفاءبخش جڑ کا ذکر اللہ تعالیٰ نے قران پاک میں بھی فرمایا ہے۔ اس کا طبی نام زنجبیل ہے۔ زنجبیل کو محرک‘ مشتہی‘ ہاضم ‘ کاسر ریاح، افعال کی بنا پر ضعف اعصاب اور بلغمی عوارضات میں استعمال کیا جاتا ہے

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔