رمضان المبارک- فضائل، حقوق، تقاضے: ایک مفیدکتاب

حضرت مولانا سید احمد ومیض ندوی 

( ملنے کا پتہ)

ہندوستان پیپر ایمپوریم ، مچھلی کمان ،چارمینار ،حیدرآباد ،
مدرسہ اسلامیہ افضل العلوم کریم نگر،تلنگانہ
ماہِ رمضان برکتوں اور سعادتوں والا مہینہ ہے، یہ در اصل بندوں پر خداوندقدوس کی خصوصی عنایات کا مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص رحمتیں نازل فرماتا ہے، اس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت ا ور تیسرا جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے، اس کی ایک رات شبِ قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے، ماہ رمضان نیکیوں کی فصل بہار ہے، اس میں ایک فرض کا ثواب ستر فرضوں کے برابر اور ہر نفل کا ثواب فرض کے برابر کردیا جاتا ہے، رمضان روحانی ترقی کا زرین موقع ہے، اس ماہ مبارک میں ادا کی جانے والی عبادتیں ایک مومن کو روحانی بلندیوں پر پہونچاتی ہیں، دیگر مہینوں کی بنسبت رمضان میں کم وقت میں زیادہ روحانی اثرات حاصل ہوتے ہیں، روزہ، تراویح، ا عتکاف اور شبِ قدر کا قیام، ان میں سے ہر عبادت اپنے اندر بے پناہ تاثیر رکھتی ہے، تاہم رمضان کے یہ اثرات آدمی کی زندگی پر تب ہی مرتب ہوتے ہیں جب انہیں آداب کی رعایت کرتے ہوئے پورے اہتمام کے ساتھ ادا کیا جائے، رمضان المبارک میں لوگ کثرتِ عبادت کا تو اہتمام کرتے ہیں لیکن آداب وسنن کا لحاظ نہیں کرتے،لاپرواہی اور غفلت کے ساتھ ادا کی جانے والی عبادات اپنا اثر کھودیتی ہیں۔
رمضان کی قدردانی کا تقاضاہے کہ آدمی اس ماہ میں ادا کی جانے و الی عبادات کو پورے شعور اور بھر پور اہتمام کے ساتھ ادا کرے،اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب آدمی کو اس بات کی جانکاری ہوکہ رمضان کے تقاضے کیا ہیں؟ اور عباداتِ رمضان کے آداب کیاہیں؟ نیز اس ماہ مبارک کے حقوق کیا ہیں؟ اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے براد ر محترم نوجوان فاضل مفتی محمد صادق حسین قاسمی کو کہ انہوں نے رمضان المبارک کے موقع سے لکھے گئے اپنے مضامین میں ان پہلوؤں پر خوب روشنی ڈالی ہے، اور ’’رمضان المبارک ۔حقوق اور تقاضے‘‘کے عنوان سے انہیں کتابی شکل میں مرتب فرمایا، گذشتہ کئی سالوں کے دوران رمضان المبارک کی آمدپر اخبارات وجرائد میں شائع شدہ یہ مضامین ماہِ رمضان کو روحانی تربیت کے نقطۂ نظر سے زیادہ سے زیادہ مؤثر بنانے کے لیے بے حد مفید ہیں، ان میں جہاں ماہِ رمضان کے حقوق اور تقاضوں پر خوب روشنی ڈالی گئی ہے وہیں رمضان سے متعلق ضروری مسائل کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔
مفتی محمد صادق حسین قاسمی کو اللہ تعالیٰ نے فکری سلامتی کے ساتھ اصلاحِ امت کا بے پناہ جذبہ عطا فرمایا ہے،ان کے علمی، فکری اور اصلاحی مضامین ملک کے مؤقر رسائل واخبارات میں تسلسل کے ساتھ شائع ہوتے رہتے ہیں،اور باذوق قارئین انہیں شوق کے ساتھ پڑھتے ہیں،اِدھر چند برسوں سے روزنامہ منصف حیدرآباد کے مذہبی ایڈیشن ’’مینارۂ نور‘‘میں تسلسل کے ساتھ لکھ کر جن نوجوان فضلاء نے ا پنی مستقل شناخت بنائی ہے، ان میں مفتی صادق حسین قاسمی سرفہرست ہیں، ان کے اُ سلوبِ تحریر میں سلاست بھی ہے اور چاشنی بھی، قاری اکتاہٹ محسوس نہیں کرتا، امامت وخطابت اور مختلف دعوتی واصلاحی خدمات کے ساتھ ان کی ادارت میں شہر کریم نگر سے ’’الاصلاح‘‘ کے نام سے ایک ماہنامہ بھی شائع ہورہا ہے، جس کے وہ مدیر اعلیٰ ہیں،یہ مجلہ مختصر سے عرصہ میں قبول عام حاصل کرچکا ہے،اس سے قبل ان کے مضامین کا ایک مجموعہ ’’متاعِ دین ودانش‘‘ کے نام سے شائع ہوکر قارئین سے خراج تحسین حاصل کرچکا ہے، امید ہے کہ ان کا مضامین رمضان سے متعلق زیر نظر مجموعہ بھی قبول عام حاصل کرے گا، اللہ تعالیٰ مؤلف محترم کی اس کاوش کو امتِ مسلمہ کے حق میں نافع بنائے، آمین، وصلی اللہ علی النبی الکریم.

تبصرے بند ہیں۔